بھرتیوں کی تحقیقات مکمل، سرکاری جامعات کے لیے اہم فیصلہ متوقع

پشاور: سرکاری جامعات میں بھرتیوں سے متعلق تحقیقات مکمل کرلی گئیں، رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کردی گئی۔

خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات میں نگراں دور کے دوران ہونے والی مستقل اور کنٹریکٹ بھرتیوں سے متعلق تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں۔ تحقیقات میں پشاور یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی سمیت صوبے کی مختلف سرکاری جامعات میں ہونے والی تقرریوں کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔

خیبر پختونخوا حکومت نے تقریباً تین ماہ قبل نگراں دور میں مختلف جامعات میں ہونے والی بھرتیوں کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی کی سربراہی سابق وائس چانسلر کو سونپی گئی تھی، جبکہ تمام متعلقہ جامعات سے بھرتیوں اور مالی معاملات کا ریکارڈ طلب کیا گیا تھا۔

کمیٹی نے کلاس فور ملازمین سے لے کر پروفیسرز اور یونیورسٹیوں کے انتظامی عہدوں پر تعینات افسران تک بھرتیوں کی تفصیلات حاصل کیں۔ اس کے علاوہ مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین، افسران اور تعلیمی کیڈر میں ہونے والی تقرریوں کا ریکارڈ بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : میجر جنرل اور اقوام متحدہ کے مستقل مندوب کی تصویر، پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا بے نقاب

تحقیقات میں جامعات کی مالی صورتحال اور خسارے سے متعلق تفصیلات بھی طلب کی گئی تھیں۔ کمیٹی نے تمام دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کرکے صوبائی حکومت کو ارسال کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبے کی متعدد سرکاری جامعات اس وقت شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ بعض جامعات میں مالی بحران کے باعث مختلف شعبہ جات کی بندش سمیت دیگر سخت انتظامی اقدامات بھی کیے جا چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھرتیوں سے متعلق رپورٹ کے جائزے کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے مختلف جامعات کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔

Scroll to Top