پاکستان کے سرکاری ہسپتال میں پہلی بار روبوٹک گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری

سلمان یوسفزئی
پشاور: خیبر ٹیچنگ ہسپتال نے روبوٹک سرجری کے میدان میں اہم سنگِ میل عبور کرلیا، پاکستان کے سرکاری ہسپتال میں پہلی مرتبہ روبوٹ کی مدد سے گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری انجام دے دی گئی۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے شعبہ آرتھوپیڈکس نے چیئرمین شعبہ آرتھوپیڈکس پروفیسر ڈاکٹر محمد سراج کی سربراہی میں روبوٹک گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری انجام دی۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ پاکستان کے سرکاری شعبے کے ہسپتال میں روبوٹ کی مدد سے گھٹنے کی تبدیلی کی پہلی کامیاب سرجری ہے، جسے معروف آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر اول حکیم اور ان کی ماہر ٹیم نے انجام دیا۔

سرجری کا براہِ راست مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے آرتھوپیڈک سرجنز نے شرکت کی اور جدید طریقۂ علاج کا مشاہدہ کیا۔ اس اقدام کو صوبے میں جدید آرتھوپیڈک سرجری، طبی تربیت اور تحقیق کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈین خیبر میڈیکل کالج و خیبر ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے شعبہ آرتھوپیڈکس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پہلی روبوٹک اسسٹڈ گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری ادارے کے لیے قابلِ فخر لمحہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کابینہ سے منظوری کے باوجود پولیس ایکٹ 2026 اسمبلی نہ پہنچ سکا

انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں روبوٹک سرجری، جدید طبی تربیت، تحقیق اور مریضوں کی نگہداشت کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد اللہ داوڑ اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اویس نعیم نے بھی شعبہ آرتھوپیڈکس کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں جدید طبی ٹیکنالوجی اور جدید علاج کے طریقۂ کار متعارف کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ روبوٹک گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری ماہرین کی صلاحیت، ٹیم ورک اور مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔

ہسپتال انتظامیہ نے شعبہ آرتھوپیڈکس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد سراج، پروفیسر ڈاکٹر اول حکیم، ڈاکٹر قیصر عظیم اور پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مریضوں کو جدید اور معیاری علاج فراہم کرنے کے عزم کو مزید تقویت دے گی۔

Scroll to Top