سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ پرعمران خان سے ملاقات کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی حقیقت سامنے آ گئی ہےجس کے مطابق حکومت کی جانب سے ایسی کسی بھی ملاقات پر آمادگی کی اطلاعات مکمل طور پر من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
حکومتی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ ہوا ہے اور نہ ہی حکومت نے ایسی کسی گفتگو پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا تاثر دراصل پی ٹی آئی کا اپنا سیاسی دباؤ اور بیانیہ ہے جس کے تحت اس طرح کی خبروں کو پھیلایا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے لانگ مارچ موخر کرنے کے بدلے ایسی کسی مشروط یقین دہانی یا ملاقات کی پیشکش کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
حقائق کی پڑتال کے مطابق سوشل میڈیا پروائرل ہونے والے ٹی وی اسکرین شاٹس اور دعوے سیاسی پروپیگنڈے کا حصہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس طرح کے کسی بھی نکتہ نظر پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا معاملہ مکمل طور پر من گھڑت ہے۔





