وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت دہشتگردی کے خلاف اقدامات میں مطلوبہ تعاون نہیں کر رہی، صوبائی حکومت کو دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہوگا۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ایک قومی مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات میں تعاون کرے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس تمام آئینی آپشنز موجود ہیں اور حالات کے مطابق آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اقدامات کیے جائیں گے۔
رانا ثناءاللہ نے تحریک انصاف کے مجوزہ لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ کسی بھی صورت لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کے انتشار یا قانون شکنی کو قانون کی طاقت کے ذریعے روکا جائے گا اور ریاستی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔





