ڈیرہ اسماعیل خان میں یکے بعد دیگرے 2 واقعات، 5 اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں یکے بعد دیگرے دہشتگردی کے دو واقعات میں ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔

پہلا واقعہ مفتی محمود چوک کے قریب تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی کو نشانہ بنایا۔

مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کے کانسٹیبل ڈرائیور محمد حبیب شہید جبکہ ہیڈ کانسٹیبل سبحان خان شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیم نے زخمی اہلکار اور شہید کی لاش کو ٹراما سینٹر، ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، تاہم ابتدائی طور پر کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس کے مطابق یہ گزشتہ 10 روز کے دوران خیبر پختونخوا میں ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر دوسرا حملہ ہے۔

انکم ٹیکس اہلکاروں پر فائرنگ، 4 شہید

دوسرا واقعہ قریشی موڑ، ابھایہ پل کے قریب تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے انکم ٹیکس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک، 2 زخمی

پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 4 انکم ٹیکس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

شہید اہلکاروں کی لاشیں سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردی گئی ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات

خیبر پختونخوا میں حالیہ دنوں کے دوران دہشتگردی کے مختلف واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

28 ستمبر 2026: ضلع ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید جبکہ 2 راہ گیر زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں میں کانسٹیبل سلیم شاہ، کانسٹیبل گل امین اور ڈرائیور فیاض الدین شامل تھے۔ فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سوار حملہ آور فرار ہوگئے اور پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں بارش، 83 فیڈرز ٹرپ، پاک افغان شاہراہ بھی بند

27 ستمبر: ضلع لکی مروت میں ایک حملے کے نتیجے میں 3 افراد شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے۔

26 ستمبر: ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش دھماکے اور فائرنگ کے واقعے میں 12 افراد شہید جبکہ 35 زخمی ہوئے۔

18 ستمبر: کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران حملے میں 21 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

تازہ واقعات کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن اور تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔

Scroll to Top