چترال : لوئر چترال پولیس کے 14 ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر (ASI) کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔
اس سلسلے میں ڈی پی او آفس بلچ، لوئر چترال میں ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر عزیز الدین، ایس ڈی پی او سرکل چترال احمد عیسیٰ، ایس ڈی پی او سرکل بمبوریت حسن اللہ، ڈی ایس پی سکیورٹی قربان پناہ اور ترقی پانے والے افسران کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر اور دیگر سینئر افسران نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو نئے رینک کے بیجز لگائے اور انہیں محکمانہ ترقی پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ترقی پانے والے افسران کے اہلِ خانہ نے بھی اپنے پیاروں کی ترقی پر خوشی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں 62 اساتذہ و افسران کے تبادلے، ترقیاں اور تعیناتیاں
ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے کہا کہ محکمانہ ترقی اہلکاروں کی محنت، فرض شناسی، نظم و ضبط اور بہترین کارکردگی کا اعتراف ہے۔
انہوں نے ترقی پانے والے افسران پر زور دیا کہ وہ نئے عہدے کی ذمہ داریوں کو مزید محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ نبھائیں۔
ڈی پی او لوئر چترال نے کہا کہ پولیس افسران عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور پولیس کے وقار کو مزید بلند کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔





