شہزاد نوید
ضلع سوات میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے چلائی جانے والی لکی ڈرا، جوئے کی ایپس اور دھوکہ دہی پر مبنی اسکیموں کے خلاف 60 روز کے لیے دفعہ 144 کے تحت مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سوات سلیم جان کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق ضلعی پولیس کی رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے جوئے اور لکی ڈرا کے لالی پاپ دے کر عوام کو مالی نقصان اور فراڈ کا نشانہ بنا رہے تھے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلع سوات کی حدود میں جوئے کے کسی بھی قسم کے اشتہار، ویڈیو یا تشہیری مواد کو نشر کرنے یا منظم کرنے پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ایسا مواد فوری ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق 6 اکتوبر 2026ء سے نافذ ہونے والے اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔





