اسلام آباد: وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما انجینئر امیر مقام نے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ 13 سالہ حکمرانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی توجہ عوامی مسائل کے بجائے سیاسی نعروں اور سوشل میڈیا سرگرمیوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کو مسلسل 13 سال سے اقتدار حاصل ہے، تاہم اس کے باوجود صوبے اور عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ کی توجہ نظر نہیں آتی۔
انہوں نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر دہشتگردی اور دیگر ناخوشگوار واقعات پیش آرہے ہیں، جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کیلئے بڑا جھٹکا، سرکاری وسائل کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ پہنچ گیا
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے بڑے وعدے کیے تھے، تاہم اب صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں خیبر پختونخوا کے عوام کو کیا ریلیف ملا؟
امیر مقام نے کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس اپنی 13 سالہ کارکردگی کے طور پر پیش کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں، جبکہ خیبر پختونخوا کا بنیادی مسئلہ گورننس کا بحران ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی قیادت کو سیاسی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا پر توجہ دینے کے بجائے امن و امان، گورننس اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔





