خیبر پختونخوا کی قسمت کا فیصلہ آج ہوگا، وزیراعظم ہاؤس میں آج اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ، اجلاس میں صوبے میں ایمرجنسی، ایمرجنسی پلس یا گورنر راج کے نفاذ سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ہے ، ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام متعلقہ شراکت دار شرکت کریں گے اور صوبے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے مختلف آئینی اور انتظامی آپشنز پر غور کیا جائے گا جبکہ قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سابق فاٹا کے تمام اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز زیر غور ہے، مجوزہ اقدامات کے تحت صوبے میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے اہم اختیارات استعمال کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئے گی۔
اجلاس میں آئین کے آرٹیکلز 232 سے 234 تک کے تحت دستیاب اختیارات اور ان کے قانونی تقاضوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مشاورت کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، تاہم اجلاس سے قبل کسی حتمی فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شیر افضل مروت نے خیبر پختونخوا سے متعلق بڑا دعویٰ کردیا
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگانے سے متعلق فیصلے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی لگانے کی صورت میں وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی، وزیراعظم وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کریں گے۔





