نفرت کی سیاست کا انجام ایمرجنسی گورنر راج کی صورت میں نکلا: اے این پی رہنما شگفتہ ملک

عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما شگفتہ ملک نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے صوبے کے امن کو داؤ پر لگایا اور دہشت گردوں کا ہم نوا بیانیہ اپنایا، جس کی پاداش میں یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔

شگفتہ ملک کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے مظلوم عوام کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یہ انتہائی اقدام بہت پہلے لیا جانا چاہیے تھا۔ اب جب صوبے میں امن بحال ہو جائے تو جسے بھی عوام منتخب کریں وہ اقتدار سنبھال لے لیکن موجودہ ابتر انتظامی صورتحال میں گورنر راج کا نفاذ لازمی ہو چکا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں نفرت اور اشتعال انگیزی کو ہوائی دی گئی اور وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کے راستے بند کیے گئے۔ وزیراعلیٰ ریڈیو پاکستان پر حملے کے جرم میں نااہل قرار پائے۔ سیاسی افہام و تفہیم کے لیے پی ٹی آئی کے سامنے مذاکرات کی پیشکش رکھی گئی لیکن انہوں نے اپنی روش بدلنے سے صاف انکار کر دیا۔

Scroll to Top