بنوں میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل نصراللہ خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
جنازے میں ریجنل پولیس آفیسر عمران شاہد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضیاء الدین احمد، دیگر پولیس افسران اور شہید کے ورثاء نے شرکت کی۔
ریجنل پولیس آفیسر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے قومی پرچم میں لپٹے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ شہید کا جسد خاکی آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا، جہاں انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔