سیکیورٹی فورسز نے ضلع چاغی میں ایک اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران پولیس پر ٹارگٹ کلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے پولیس پر فائرنگ کی کوشش کی تھی تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تعاقب کیا اور دونوں حملہ آوروں کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔
سرکاری و سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے ایس ایم جی، راکٹ لانچرز، پستول سمیت بھاری مقدار میں خطرناک اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے موبائل فونز بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں تاکہ ان کے نیٹ ورک اور رابطوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں بھرپور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جو تاحال جاری ہے۔
دہشتگردوں کے نیٹ ورک اور ممکنہ سہولت کاروں کے حوالے سے مزید تحقیقات کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔





