سابقہ پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے کھیلوں کے شعبے اور بالخصوص نوجوان کھلاڑیوں کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے اور فنڈز بند رکھنے کے باوجود خیبر پختونخوا کے سائیکلسٹس نے اپنی محنت اور عزم سے صریح بدانتظامی کے سامنے ہار نہیں مانی۔ دسویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 2026 میں خیبر پختونخوا سائیکلنگ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 4 برونز اور 2 سلور میڈلز حاصل کیے اور قومی سطح پر تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔
عوام اور کھیل حلقوں کے مطابق صوبے میں گورنر راج کا نفاذ ہوتے ہی اداروں میں امید کی ایک نئی کرن بیدار ہوئی ہے لیکن اس کامیابی نے سابق پی ٹی آئی حکومت کے اس دعوے کا پول کھول دیا ہے جس میں وہ کھیلوں کی سرپرستی کا ڈھکوسلا کرتے تھے۔
سابق حکمرانوں کی عدم توجہی اور صفر مالی معاونت کے باوجود خیبر پختونخوا کی جونیئر کھلاڑی علیشبہ نے خواتین کی روڈ ریس میں برونز میڈل جبکہ انفرادی ٹائم ٹرائل (آئی ٹی ٹی) میں سلور میڈل حاصل کر کے صوبے کا سر فخر سے بلند کیا۔
مینز ایلیٹ کیٹیگری میں احمد زیب نے انفرادی ٹائم ٹرائل میں برونز میڈل حاصل کیا۔ مینز جونیئر کیٹیگری میں محمد سعد نے انفرادی ٹائم ٹرائل میں سلور میڈل جیتا۔ اس کے علاوہ ٹیم ٹائم ٹرائل میں احمد زیب، عبداللہ، محمد عدنان اور خضر حیات پر مشتمل ٹیم نے برونز جبکہ انڈر 23 کیٹیگری میں عبدالرحمان نے برونز میڈل جیت کر ثابت کیا کہ صوبے میں استعداد کی کمی نہیں بلکہ سابقہ حکمرانوں کی نیت میں کھوٹ تھا۔
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے تعاون سے کراچی میں منعقدہ اس چیمپئن شپ کے شاندار انتظامات پر کے پی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر سید شایان علی شاہ اور سیکرٹری جنرل محمد علی نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سابق حکومت کا 10 سالہ جمود ختم! گورنر راج کی متحرک انتظامیہ نے سیاحت کی بحالی کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے
خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نثار احمد نے کھلاڑیوں، کوچز ساجد علی خان اور طاہر کو مبارکباد دیتے ہوئے سابق پی ٹی آئی حکومت کے رویے پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی کے حکمرانوں اور کھیلوں کی سابقہ صوبائی قیادت نے اس اہم قومی ایونٹ کے لیے ایسوسی ایشن کو مطلوبہ فنڈز اور مالی معاونت فراہم نہیں کی، جو پی ٹی آئی دور کی شدید نااہلی اور کھیل دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔
چیئرمین نثار احمد اور کھیل حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ صوبے میں قائم موجودہ گورنر راج کی مضبوط اور شفاف انتظامیہ کے تحت اب کھیلوں کے تباہ حال ڈھانچے کی بحالی ممکن ہوگی۔ انہوں نے موجودہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سابق پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے روکے گئے فنڈز فوری جاری کیے جائیں اور کھلاڑیوں کو ضروری سامان اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ صوبے کے نوجوان آئندہ بھی ملک کا نام روشن کر سکیں۔





