فتنۃ الہندوستان کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، گورنر خیبرپختونخوا اور ثمر ہارون بلور کا شہید میجر وجاہت وحید کو خراجِ عقیدت

پشاور:  گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروپ فتنۃ الہندوستان کے چار خطرناک دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بروقت کارروائیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

 خیبرپختونخوا کی قیادت نے فورسز کی ان کامیاب کارروائیوں کو ملکی دفاع اور امن و امان کی بحالی کے لیے انتہائی اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی اور مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور نے ضلع گوادر میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف دلیرانہ آپریشن کے دوران وطنِ عزیز کی دفاعی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر وجاہت وحید کی عظیم قربانی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 صوبائی قیادت نے شہید میجر وجاہت وحید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے ارضِ پاک کے امن اور عوام کے تحفظ کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے فرض شناسی، بہادری اور حب الوطنی کی وہ لازوال مثال قائم کی ہے جو تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھی جائے گی۔

 دونوں رہنماؤں نے شہید کے غمزدہ اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار، میجر اور کیپٹن شہید

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم ‘فتنۃ الہندوستان’ کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا ایکشن قابلِ فخر ہے۔

 ملک کے امن و استحکام اور شہریوں کے تحفظ کی خاطر سیکیورٹی فورسز کی دی گئی لازوال قربانیاں اور خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور پورا ملک دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ متحد کھڑا ہے۔

مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فتنۃ الہندوستان سمیت تمام دیسی و غیر ملکی دہشت گرد عناصر کے جذ سے خاتمے کے لیے قومی اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔

 انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان کی عوام اور تمام صوبائی انتظامیہ اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پشت پر کھڑی ہے اور وطن کے دفاع و امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top