روڈز کھلے، راستے صاف، گورنر فیصل کریم کنڈی کا خیبرپختونخوا کو نیا انتظامی رخ دینے کا فیصلہ

پشاور:  گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا میدانی معائنہ کرتے ہوئے واضح اور سخت پیغام دیا ہے کہ پورے صوبے میں ناجائز قبضوں اور تجاوزات کا مکمل خاتمہ بلاامتیاز کیا جائے گا۔ 

ہائی کورٹ کے سامنے جاری آپریشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا کو تجاوزات سے مکمل پاک کیا جائے گا اور اس مہم میں کسی بھی سیاسی شخصیت کی سفارش ہرگز قبول نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے سامنے بلاک شدہ راستہ آج ہی عام عوام اور ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا جبکہ شہر بھر میں سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین کا سخت نفاذ یقینی بنایا جا رہا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں شفافیت اور گڈ گورننس کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ ماضی میں صرف پیسے کمانے کے لیے شروع کیے گئے بے مقصد منصوبوں کے ذمہ داران کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : دعوے ختم، اب صرف کام ہوگا، خیبرپختونخوا میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا دائرہ کار وسیع

 گندم کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آتے ہی ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

توانائی بحران اور بجلی کی لوڈشیڈنگ پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ بجلی چوری کے زمانے اب ختم ہو چکے ہیں اور ریکوری کے بغیر بجلی کی پیداوار اور فراہمی ممکن نہیں۔

 انہوں نے زور دیا کہ وفاق کے ساتھ صوبے کی کوئی لڑائی نہیں ہے اور خیبرپختونخوا تمام صوبوں کے ساتھ بہترین تعلقات اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھے گا تاکہ عوامی مسائل کا فوری اور پائیدار حل ممکن بنایا جا سکے۔

Scroll to Top