نوشہرہ : خیبرپختونخوا کے اہم ضلع نوشہرہ میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور شہریوں کے دیرینہ مسائب کے حل کے لیے پاک فوج نے ایک اور شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے نیا انڈر پاس صرف 6 ماہ کی قلیل اور ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیا ہے۔
شہید میجر ماجد نواز (تمغۂ بسالت) کے نام سے منسوب اس جدید انڈر پاس کا باضابطہ افتتاح کمانڈر پشاور کور نے کر دیا، جسے پاک فوج کی جانب سے نوشہرہ اور خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے ایک عظیم ترین تحفہ قرار دیا جا رہا ہے۔
نوشہرہ کے مختلف علاقوں بالخصوص مدینہ کالونی اور اے سی کالونی کے درمیان رابطہ سڑکیں نہ ہونے کے باعث مقامی آبادی کو شدید سفری مشکلات کا سامنا تھا اور بالخصوص ہنگامی صورتحال، ایمبولینس کی آمدورفت اور مریضوں کی ہسپتال منتقلی میں سخت دشواری پیش آتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : فتنۃ الہندوستان کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، گورنر خیبرپختونخوا اور ثمر ہارون بلور کا شہید میجر وجاہت وحید کو خراجِ عقیدت
عوام کے اس دیرینہ مطالبے اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک فوج کے باصلاحیت انجینئرز نے پبلک سروس کے جذبے کے تحت اس منصوبے کا بیڑا اٹھایا اور رات دن محنت کر کے اسے ریکارڈ چھ ماہ میں مکمل کر دکھایا، جس سے شہر بھر کا ٹریفک جام کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو گیا ہے۔
اس جدید انڈر پاس میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور روشنیاں بحال رکھنے کے لیے 100 KVA کا متبادل جنریٹر بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ لوڈشیڈنگ يا کسی بھی فنی خرابی کی صورت میں انڈر پاس کا پورا نظام فعال اور روشن رہے۔
کور کمانڈر پشاور کی جانب سے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج کی اس عظیم خدمت اور تحفے پر ’شکریہ پاک فوج‘ اور’ پاک فوج زندہ باد‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔





