اعجاز آفریدی
پشاور: خیبر پختونخوا کے پانچ نامزد اضلاع باجوڑ، شمالی وزیرستان، بنوں، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر کی ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل (ARDC) کے ارکان میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے 22 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ان اضلاع کے سابق نامزد ارکان کو عہدوں سے ہٹاتے ہوئے نئے عمائدین کو کونسل کا رکن نامزد کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلے وفاقی حکومت کے 11 اکتوبر 2026 کے حکم نامے اور وفاقی کابینہ کی 21 اکتوبر 2026 کو دی گئی منظوری کی روشنی میں کیے گئے ہیں۔ ارکان کی تبدیلی اور نئی نامزدگی کے احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
پانچ اضلاع کے سابق ارکان عہدوں سے فارغ
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت ضلع باجوڑ سے شہاب الدین خان، ضلع شمالی وزیرستان سے مولانا مصباح اللہ داوڑ، ضلع بنوں سے باز محمد، ضلع جنوبی وزیرستان اپر سے سابق سینیٹر صالح شاہ اور ضلع جنوبی وزیرستان لوئر سے ملک محمد جمیل کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
نئے نامزد ارکان کے نام بھی سامنے آگئے
دوسرے نوٹیفکیشن کے تحت انہی پانچ اضلاع کے لیے نئے ارکان نامزد کیے گئے ہیں۔ ضلع باجوڑ سے ملک ناصر ارنگ، شمالی وزیرستان سے ملک روح اللہ، بنوں سے ملک فرمان اللہ، جنوبی وزیرستان اپر سے ملک محمد فاروق محسود اور جنوبی وزیرستان لوئر سے ملک حاجی ظفر خان کو ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں کو بڑا جھٹکا، قیمت میں نمایاں کمی
دونوں نوٹیفکیشنز پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد یحییٰ اخونزادہ کے دستخط ہیں۔ ان میں واضح کیا گیا ہے کہ ارکان کو عہدوں سے ہٹانے اور نئے ارکان کی نامزدگی کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔
متعلقہ حکام کو نوٹیفکیشنز کی نقول ارسال
احکامات کی نقول وزیراعظم کے مشیر، صدر کے پرنسپل سیکریٹری، وفاقی کابینہ ڈویژن، داخلہ ڈویژن، قانون و انصاف ڈویژن، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس، گورنر کے پرنسپل سیکریٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، انتظامی سیکریٹریز، ڈویژنل کمشنرز، متعلقہ اضلاع کے ڈی آئی جیز، ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے ارکان میں یہ تبدیلی پانچ نامزد اضلاع کی نمائندگی کے حوالے سے اہم انتظامی پیش رفت ہے۔ نئے نامزد ارکان کی ذمہ داریاں متعلقہ کونسل کے دائرہ کار کے مطابق ہوں گی۔





