شہدا کے بچوں کے لیے بڑی خوشخبری، مفت تعلیم، مفت ٹریننگ اور کیڈٹ کالج کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہدا کے بچوں کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے صوبے میں خصوصی کیڈٹ کالج قائم کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے، جہاں عام شہریوں، پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی)، پاک فوج اور دیگر شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔

میڈیا تفصیلات کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی اور زمرد خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خیبرپختونخوا میں شہدا کے بچوں کے لیے پہلا کیڈٹ کالج قائم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے مفت اراضی فراہم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، جبکہ کیڈٹ کالج میں شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا سول سیکریٹریٹ میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور تقرریاں

مجوزہ منصوبے کے تحت بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ کیڈٹ کالج کے داخلہ ٹیسٹ کی تیاری کے لیے مفت پری ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ دیگر کیڈٹ کالجز کے داخلہ ٹیسٹ میں بھی حصہ لے سکیں۔

شہدا کے خاندانوں کے لیے مجوزہ فلاحی اقدامات میں تعلیمی پیکج اور جہیز پیکج بھی شامل ہیں، جن کا مقصد متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنا اور ان کے بچوں کے لیے بہتر مستقبل کی راہ ہموار کرنا ہے۔

اس اقدام کا مقصد شہدا کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔

Scroll to Top