اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بلوچستان کے اہل امیدواروں کے لیے وفاقی ملازمتوں میں بھرتیوں کے عمل کو آسان بنانے اور صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلی ٹیشن سیل قائم کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اس خصوصی سیل کے قیام کا مقصد وفاقی وزارتوں اور محکموں میں بلوچستان کے مقررہ کوٹے کے تحت شفاف، منصفانہ اور بروقت بھرتیوں کو یقینی بنانا ہے۔
سیل اس حوالے سے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ رکھے گا اور بھرتیوں کے عمل میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات تجویز کرے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیل وفاقی محکموں میں بھرتیوں کے موجودہ طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لے گا۔ اس دوران بلوچستان کے امیدواروں کو وفاقی ملازمتیں حاصل کرنے میں پیش آنے والی انتظامی اور عملی مشکلات کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کے حل کے لیے تجاویز مرتب کی جائیں گی۔
خصوصی سیل صوبے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے اہل امیدواروں تک وفاقی ملازمتوں سے متعلق معلومات کی رسائی بہتر بنانے پر بھی کام کرے گا، تاکہ انہیں دستیاب آسامیوں، درخواست دینے کے طریقہ کار اور بھرتیوں کے مواقع سے بروقت آگاہ کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : جہاں روشن مستقبل کے خواب سجتے تھے، وہاں آج اندھیرے اور کھنڈرات ہیں، بنوں کی تباہ حال تعلیم پی ٹی آئی کی کارکردگی کا سیاہ باب ہے
اس کے علاوہ سیل وفاقی وزارتوں، متعلقہ محکموں اور ذیلی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا تاکہ بھرتیوں کے عمل میں مقررہ قواعد و ضوابط، وفاقی پالیسی اور بلوچستان کے لیے مختص کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
جوائنٹ سیکریٹری ریگولیشن مجموعی انچارج، شاہد نواز کوآرڈی نیٹر مقرر
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جوائنٹ سیکریٹری (ریگولیشن)، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خصوصی سیل کا مجموعی انچارج مقرر کیا گیا ہے، جبکہ شاہد نواز کو بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلی ٹیشن سیل کا کوآرڈی نیٹر نامزد کیا گیا ہے۔
حکومت کے اس اقدام کا مقصد بلوچستان کے اہل امیدواروں کو وفاقی ملازمتوں تک بہتر رسائی فراہم کرنا، بھرتیوں کے عمل میں حائل مشکلات کم کرنا اور صوبے کے لیے مختص ملازمتوں کے کوٹے پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔





