پی ٹی آئی میں بڑا بریک تھرو: گورنر راج کے بعد فردوس شمیم نقوی کا ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ

اسلام آباد :خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت میں پہلی بڑی اندرونی تبدیلی سامنے آ گئی ہے۔

 ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کے عہدے سے باضابطہ طور پر استعفیٰ دے دیا ہے اور اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا ہے۔

اپنے استعفے کے حوالے سے مؤقف اپنااتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا ہے، ہمیں اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے اور پارٹی کو اب نئے عہدیداروں کو موقع دینا چاہیے۔ ان کے اس بیان کو پارٹی کے اندر حالیہ سیاسی بحران اور گورنر راج کے بعد خود احتسابی کا ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اس استعفے سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے فردوس شمیم نقوی کو مشعال یوسفزئی کو باضابطہ نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس پیش رفت کے بعد ہی فردوس شمیم نقوی کی جانب سے یہ استعفیٰ سامنے آیا۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری ملازمتوں میں بھرتیوں سے متعلق بڑا اعلان، خصوصی سیل قائم

دوسری جانب خبر رساں ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے فردوس شمیم نقوی کا استعفیٰ منظور کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

 بیرسٹر گوہر نے فردوس شمیم نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بانی چیئرمین کے اچھے اور دیرینہ ساتھی ہیں، اس لیے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق چیئرمین کی جانب سے استعفیٰ کی عدم منظوری کے بعد فردوس شمیم نقوی فی الحال ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کے عہدے پر ہی برقرار ہیں۔

Scroll to Top