خیبر پختونخوا پولیس کو دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن فورس کے طور پر جدید ساز و سامان سے لیس کرنے کے عزم کے تحت 10 جدید ایمبولنسز اور 8 اے پی سیز صوبے کے مختلف ریجنز کے ضلعی افسران کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ دو دہائیوں سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بطور فرنٹ لائن فورس اپنا کردار ادا کر رہی ہے، جس میں آئی جی سے لے کر سپاہی رینک تک کے اہلکاروں نے اس طویل جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔
اس جری فورس کو مزید مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کے لیے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی کاوشوں سے جدید ساز و سامانِ حرب فراہم کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
اسی سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس کے مختلف ریجنل و ضلعی افسران کو تمام ضروری طبی سہولیات سے لیس ایمبولنسز اور جدید اے پی سیز منتقل کی گئی ہیں۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ایمبولنسز اور اے پی سیز کی چابیاں ضلعی پولیس افسران کے حوالے کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پیز اور ڈی آئی جیز سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کو دورانِ آپریشنز یا دہشتگردوں کے حملوں کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کو بروقت طبی امداد دے کر ہسپتال پہنچانے کے لیے تیز ترین اور تمام طبی سہولیات سے مزین 10 ایمبولنسز کے علاوہ 6ضرب حیدراور 2 ڈریگن کلاس اے پی سیز فراہم کی گئی ہیں۔
یہ جدید ایمبولنسز اور اے پی سیز پشاور، چارسدہ، دیر لوئر، دیر اپر، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ایبٹ آباد اور شانگلہ کے پولیس افسران کے حوالے کی گئی ہیں۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید نے ایمبولنسز اور اے پی سیز کا بغور معائنہ کیا اور ان کے مختلف حصوں اور کارکردگی کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فورس کے جوانوں کو ہنگامی حالات اور دورانِ آپریشنز محفوظ نقل و حرکت کے لیے جدید اے پی سیز فراہم کی جا رہی ہیں، جو ان کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے حملوں سمیت دورانِ آپریشنز زخمی ہونے والے جوانوں کو ہسپتال پہنچنے تک کا قیمتی وقت فراہم کرنے کے لیے تمام فیلڈ میڈیکل ضروریات سے لیس تیز رفتار ایمبولنسز بھی حاصل کی گئی ہیں، جو ان بہادر جوانوں کی قیمتی زندگیاں بچانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت پشاور ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان پر اہم اجلاس، سڑکوں کی اپ گریڈیشن اور ٹریفک مسائل پر ہدایات جاری
آئی جی پی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں فورس کو ہر قسم کی سہولیات سے لیس کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں خصوصی سمریز صوبائی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہیں۔





