پاکستانی شہری اب بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (BEOE) کے سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے بیرونِ ملک ملازمتوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مشتہر آسامیوں کی قانونی حیثیت کی بھی تصدیق کر سکتے ہیں۔
سرکاری ادارے کی ویب سائٹ اور فیس بک پیج پر بیرونِ ملک ملازمتوں کے مواقع سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جہاں امیدوار ان ذرائع سے لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے مشتہر ملازمتوں کی تفصیلات معلوم کرنے کے ساتھ درخواست دینے سے پہلے متعلقہ آسامی کی منظوری کی جانچ کر سکتے ہیں۔
امیگریشن رولز 1979 کے تحت پروٹیکٹر آف امیگرنٹس لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسیوں کو مخصوص مدت کے لیے کارکنوں کی بھرتی کی اجازت دیتا ہے، تاہم اجازت جاری کرنے سے پہلے بیرون ملک آجر کی جانب سے فراہم کردہ ملازمتوں کی طلب اور متعلقہ دستاویزات کی تصدیق کی جاتی ہے۔
ملازمتوں کی طلب کی جانچ کے لیے متعلقہ ملک میں پاکستانی سفارت خانے، میزبان ملک کی وزارت خارجہ اور پاکستان میں متعلقہ غیر ملکی سفارت خانے کے ذریعے تصدیق کا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے۔
بھرتی کی اجازت منظور ہونے کے بعد متعلقہ آسامیوں کے لیے ایک منفرد پرمیشن ٹریکنگ نمبر (PTN) جاری کیا جاتا ہے۔ ریکروٹنگ ایجنسیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ملازمت کے اشتہار میں یہ نمبر لازمی درج کریں تاکہ امیدوار آسامی کی تفصیلات اور منظوری کی حیثیت کی جانچ کر سکیں۔
ملازمت کے خواہشمند افراد بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے سرکاری پورٹل پر متعلقہ پی ٹی این کے ذریعے مشتہر آسامی کی تصدیق کر سکتے ہیں، جس سے یہ معلوم کرنے میں مدد ملتی ہے کہ آیا متعلقہ ملازمت منظور شدہ بھرتی کے تحت درج ہے یا نہیں؛ جبکہ تمام آسامیوں پر بھرتی مکمل ہونے کے بعد فہرست ویب سائٹ سے خودکار طور پر ہٹا دی جاتی ہے۔
لائسنس یافتہ ایجنسیوں پر لازم ہے کہ وہ بھرتی کے عمل اور کارکنوں سے متعلق معاملات میں مقررہ ضوابط کی پابندی کریں۔ اگر کسی امیدوار یا بیرون ملک ملازمت کرنے والے پاکستانی کارکن کو بھرتی یا ملازمت کے سلسلے میں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ یا متعلقہ پروٹیکٹر آف امیگرنٹس سے رجوع کرکے شکایت درج کرا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ورزش دل کو کیسے مضبوط بناتی ہے؟طبی ماہرین کی نئی اور حیران کن تحقیق
ترجمان کے مطابق بیرون ملک ملازمت کے لیے درخواست دینے، دستاویزات جمع کرانے یا رقم ادا کرنے سے پہلے امیدواروں کو متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی کے لائسنس، ملازمت کی منظوری اور پرمیشن ٹریکنگ نمبر کی تصدیق کرنی چاہیے، کیونکہ اس احتیاط سے جعلی اشتہارات اور غیر قانونی بھرتی کے خطرات کو ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔





