پاک فوج کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے جس میں ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت، سابق سربراہان اور اعلیٰ حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نمازِ جنازہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا سمیت دیگر اعلیٰ ترین شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر سابق آرمی چیفس، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، اور متعدد سابق و موجودہ سول و عسکری حکام بھی مرحوم کی آخری رسومات میں شریک ہوئے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے سابق آرمی چیف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندان کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی:ایرانی صدر نے اسلامی ممالک کی مفاہمت اور اتحاد کی حمایت کر دی
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی ملکی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔





