ملک بھر میں سردیوں کی آمد کے ساتھ موسمی اور متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا، جس پر قومی ادارہ صحت نے وفاقی اور صوبائی حکام کو الرٹ رہنے اور فوری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ طبی ہدایات میں موسمی فلو، خسرہ، ڈفتھیریا (خناق)، کالی کھانسی، تشنج اور سانس و دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق درجہ حرارت میں کمی اور اسموگ کے باعث سردیوں میں موسمی فلو، سانس کی بیماریوں اور دل سے متعلق پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ خسرہ، خناق، کالی کھانسی اور تشنج سمیت دیگر متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا بھی خدشہ ہے۔
ادارے نے وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت، اسپتالوں اور لیبارٹریوں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔طبی ہدایات کے مطابق معمول کی اور خصوصی ویکسینیشن مہمات جاری رکھی جائیں تاکہ حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں موجود کمی کو دور کرکے ویکسین سے بچاؤ ممکن بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان پورے پاکستان سے معافی مانگیں، شہید لیفٹیننٹ ملک فیض سلطان کے والد کا تاریخی بیان، میرے بیٹے نے سینے پر بائیس گولیاں کھائیں
اسپتالوں کو بھی سردیوں کے دوران مریضوں کی ممکنہ بڑھتی ہوئی تعداد سے نمٹنے کے لیے طبی سہولیات، عملے اور دیگر انتظامات کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قومی ادارہ صحت نے عوامی آگاہی مہمات مؤثر بنانے پر بھی زور دیا ہے تاکہ شہریوں کو موسمی اور متعدی بیماریوں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جاسکے۔
ادارے کے مطابق سردیوں میں صحت کے خطرات کے اثرات کم کرنے کے لیے ویکسینیشن، بیماریوں سے نمٹنے کی تیاری اور عوامی آگاہی کی سرگرمیوں کو ترجیح دینا ضروری ہے۔





