خلیج میں بیٹھ کر سرکاری خزانہ لوٹنے والے 1623 ملازمین اور 202 ویران ہسپتال، انتشاری ٹولے کی 13 سالہ کارکردگی بے نقاب

پشاور: ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ اور محکمہ صحت کی سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں صحت کی سہولیات شدید زبوں حالی کا شکار ہیں، جہاں تعمیر مکمل ہونے کے باوجود 202 سرکاری ہسپتال کئی برسوں سے غیر فعال ہیں، جبکہ ایک ہزار 623 طبی ملازمین طویل عرصے سے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہ کر باقاعدگی سے سرکاری خزانے سے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق ان 12 نامزد اضلاع میں مجموعی طور پر ایک ہزار 325 سرکاری ہسپتال قائم ہیں، جن میں سے 202 اسپتال طبی عملے کی عدم دستیابی کے باعث بند پڑے ہیں اور اس وقت صرف ایک ہزار 123 اسپتال فعال ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے منظوری کے باوجود طبی عملے کی 2 ہزار 245 آسامیوں پر تاحال تعیناتیاں عمل میں نہیں لائی جا سکیں۔

 ان اضلاع میں مجموعی طور پر 14 ہزار 883 منظور شدہ آسامیوں میں سے 12 ہزار 38 پر تقرریاں ہوئی ہیں، جبکہ اس وقت ڈاکٹروں کی 46 فیصد اور نرسوں کی 38 فیصد آسامیاں خالی پڑی ہیں۔

محکمہ صحت کے ریکارڈ کے مطابق طویل عرصے سے غیر حاضر ایک ہزار 623 طبی اہلکاروں میں سے بیشتر روزگار کے سلسلے میں خلیجی ممالک جا چکے ہیں، تاہم وہ گھر بیٹھے باقاعدگی سے تنخواہیں لے رہے ہیں۔ ان غیر حاضر ملازمین میں سب سے زیادہ 558 اہلکاروں کا تعلق لکی مروت اور 210 کا ضلع مہمند سے ہے۔

مزید برآں دستاویزات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ان 12 اضلاع کے ڈومیسائل پر بھرتی ہونے والے ایک ہزار 144 طبی اہلکار اپنے آبائی علاقوں میں فرائض انجام دینے کے بجائے پشاور، مردان، چارسدہ اور دیگر مرکزی اضلاع میں تعینات ہیں، جن میں بڑی تعداد سابق قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے عملے کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اقبال کے شاہین کی کہکشاؤں کی جانب تاریخی اڑان، 25 کروڑ عوام کی امیدیں اور وطنِ عزیز کا نام کندھوں پر لے کر خلائی مشن پر روانہ ہو رہا ہوں، خلا باز ذیشان علی

 دوسری جانب فعال رہنے والے 84 فیصد اسپتالوں میں سے 39 فیصد کو ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے، جس کے تدارک کے لیے محکمہ صحت نے محکمہ خزانہ سے رجوع کیا ہے۔

صوبے میں صحت کے شعبے کی اس صورتحال پر سیاسی حلقوں اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

ناقدین کا الزام ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت کی تمام تر توجہ احتجاجی سیاست، اسلام آباد کی جانب مارچ اور سیاسی محاذ آرائی پر مرکوز رہی، جس کے باعث صوبے میں گورننس، صحت اور امن و امان جیسے بنیادی عوامی مسائل نظر انداز ہوئے۔ مخالفین کی جانب سے صوبائی حکومت کی پالیسیوں اور سیکیورٹی معاملات پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کے حکام کا مؤقف ہے کہ دور دراز اور پسماندہ اضلاع میں طبی عملے کی حاضری یقینی بنانے، غیر حاضر ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے اور ادویات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ صحت کارڈ جیسے منصوبوں کے ذریعے عوام کو علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

Scroll to Top