آٹے کی قیمتوں سے متعلق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا بڑا حکم

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ذخیرہ اندوزوں، مہنگا آٹا فروخت کرنے والوں اور فیک نیوز پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔

پشاور میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت مشاورتی کونسل کے اراکین کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے مشیروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی، عوامی خدمات کی فراہمی، انتظامی امور، جاری ترقیاتی منصوبوں اور 100 اور 180 روزہ اہداف پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں صوبے کی غذائی ضروریات، گندم کی دستیابی اور آٹے کی قیمتوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ مشیر داخلہ و خوراک کفایت اللہ نے گندم کی مجموعی ضروریات، کھپت، پنجاب اور پاسکو سے خریداری اور صوبے میں گندم کے موجودہ ذخائر سے متعلق آگاہ کیا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو مناسب قیمتوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے اجلاس کو بتایا کہ ڈیجیٹل میڈیا اور ریڈیو کے ذریعے اسموگ سے متعلق آگاہی مہم ترتیب دی گئی ہے، جبکہ جعلی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کے لیے خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔

گورنر نے ہدایت کی کہ فیک نیوز پھیلانے اور منظم پروپیگنڈے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔اجلاس میں سرکاری محکموں میں تبادلوں کی پالیسی پر بھی غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : خلیج میں بیٹھ کر سرکاری خزانہ لوٹنے والے 1623 ملازمین اور 202 ویران ہسپتال، انتشاری ٹولے کی 13 سالہ کارکردگی بے نقاب

گورنر نے زور دیا کہ تبادلوں کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔مشیر صحت نے شعبہ صحت میں 100 اور 180 روزہ اہداف پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نامزد اضلاع میں بچوں کی ایک سال تک غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے یونیسف کے ساتھ معاہدہ کیا جا رہا ہے، جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر 1326 ویکسینیٹرز کی کمی بھی موجود ہے۔

مشیر تعلیم عامر عبداللہ نے تعلیمی شعبے کے اقدامات، اساتذہ کی کمی اور انتظامی امور سے متعلق آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو خوراک فراہم کرنے کے لیے جلد معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے، جبکہ تعلیمی سیشن مکمل ہونے تک اساتذہ کے تبادلوں پر پابندی عائد ہے۔

اجلاس میں پناہ گاہوں اور زمونگ کور کے ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جبکہ پشاور زلمی کے اشتراک سے موٹروے کے قریب اسپتال کی تعمیر سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے رحمان بابا کے مزار کی بحالی، تزئین و آرائش اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب مشیر اوقاف نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود، طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور دیگر فلاحی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ گورنر نے مشیر اوقاف کو محکمہ اوقاف اور اس کی اراضی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی۔

Scroll to Top