ڈیجیٹل دور میں آن لائن رابطوں، تعلیمی سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کو مزید معیاری اور مؤثر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کی عالمی کمپنی گوگل نے اپنے ویڈیو کانفرنسنگ پلیٹ فارم گوگل میٹ کے صارفین کو ایک زبردست خوشخبری سنا دی ہے۔
کمپنی نے گوگل میٹ کے ویب ورژن پر 1080 پی (فل ایچ ڈی) ویڈیو اسٹریمنگ کی سہولت تمام صارفین کے لیے بالکل مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد اب اعلیٰ معیار کی ویڈیو کالز کے لیے کسی بھی قسم کی پیڈ سبسکرپشن لینے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے 23 نومبر کو جاری کردہ اپنی تازہ اپ ڈیٹ میں باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ اب مفت اکاؤنٹ استعمال کرنے والے عام صارفین بھی گوگل میٹ پر فل ایچ ڈی کوالٹی میں ویڈیو کالز کی سہولت سے بھرپور استفادہ کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ جدید سہولت صرف گوگل ورک اسپیس کے پیڈ صارفین اور دو ٹی بی (2TB) پلان رکھنے والے گوگل ون صارفین تک ہی محدود تھی۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کے پاس صرف ایسا ہارڈویئر یعنی کیمرہ اور اسکرین درکار ہوگی جو 1080 پی ویڈیو کو سپورٹ کرتا ہو۔
یہ سہولت سسٹم میں ڈیفالٹ کے طور پر پہلے سے فعال ہوگی اور صارفین کو اسے الگ سے آن کرنے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی تاہم اگر کوئی صارف انٹرنیٹ ڈیٹا بچانے یا کسی اور وجہ سے اسے استعمال نہ کرنا چاہے تو وہ گوگل میٹ کی ویڈیو سیٹنگز میں جا کر اسے باآسانی بند بھی کر سکتا ہے۔
گوگل نے تکنیکی پہلو واضح کرتے ہوئے مزید بتایا ہے کہ ویڈیو کال کے دوران اگر کسی شریکِ گفتگو کی ویڈیو اسکرین چھوٹی ہو جائے تو بینڈوتھ اور کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے ویڈیو کی ریزولوشن خودکار طور پر کم ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں افسوسناک کیس :کرک میںچودہ ماہ کی بچی میں پولیو کی تصدیق،مجموعی تعداد 10ہوگئی!
دوسری جانب معروف ٹیکنالوجی ویب سائٹ 9 ٹو 5 گوگل نے اپنے بیان میں نشاندہی کی ہے کہ یہ نئی اپ ڈیٹ بظاہر صرف گوگل میٹ کے ویب ورژن کے لیے جاری کی گئی ہے جبکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس موبائل ایپس پر فی الحال اس کا اطلاق نہیں ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گوگل نے تمام صارفین کے لیے 1080 پی ویڈیو اسٹریمنگ کی اس سہولت کو 11 نومبر سے مرحلہ وار متعارف کرانا شروع کیا تھا جو اب باضابطہ طور پر سب کے لیے دستیاب ہو چکی ہے۔





