مصر کے شہر جیزہ میں پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی الٹنے سے 31افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے!

مصر کے شہر جیزہ کے علاقے الوراق میں واقع مصروف ترین رنگ روڈ پر ایک دل دہلا دینے والا ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی الٹنے کے بعد بھڑکنے والی خوفناک آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں قیمتی انسانی جانوں کو نگل لیا۔ 

اس ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد جاں بحق اور 21 شدید زخمی ہو گئے ہیںجبکہ آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ قریبی گاڑیوں میں سوار متعدد افراد کو سنبھلنے یا باہر نکلنے تک کا موقع نہ مل سکا۔

مصری حکام کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جیزہ کے علاقے الوراق میں رنگ روڈ پر اس وقت پیش آیا جب پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والی ایک گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے فوری بعد اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔

ایندھن بہنے کے باعث آگ کے شعلوں نے تیزی سے پھیلتے ہوئے سڑک پر موجود دیگر متعدد گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حکام کے ابتدائی اندازے کے مطابق اس خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 27 گاڑیاں جن میں مسافر کاریں اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہنگامی ریسکیو کارروائیوں کے لیے 39 ایمبولینسیں فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں جن کے ذریعے جاں بحق افراد کی لاشوں اور 21 زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

حکام نے حادثے میں بری طرح جھلس جانے والی نامعلوم لاشوں کی شناخت کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے ڈی این اے نمونے لینے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا تاریخی خلائی مشن نوجوان نسل کے لیے باعثِ فخر ہے،ثمر ہارون بلور

موقع پر موجود عینی شاہدین نے اس المناک واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گاڑی الٹنے کے بعد آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ سڑک پر پھنسے ہوئے متعدد افراد کو اپنی گاڑیوں کے دروازے کھول کر باہر نکلنے کا موقع ہی نہ مل سکا جس کے باعث جانی نقصان میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

بین الاقوامی امور کے مبصرین اور عوامی حلقوں نے مصر کے شہر جیزہ میں پیش آنے والے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی ظاہر کی ہے۔

Scroll to Top