نئی نسل کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے اور ملک سے پولیو کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ریاستی اداروں اور وفاقی محکمہ صحت کی بھرپور کاوشوں کے باوجود خیبرپختونخوا کے ضلع کرک سے پولیو کا ایک اور نیا کیس سامنے آ گیا ہے جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔
وفاقی حکومت اور نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ای او سی) نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے کمر کس لی ہے اور اعلان کیا ہے کہ سال 2026 کی تیسری اور آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 12 سے 18 دسمبر تک پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت چلائی جائے گی، جس میں ساڑھے چار کروڑ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق پولیو کا نیا کیس خیبر پختونخوا کے ضلع کرک سے رپورٹ ہوا ہے، جہاں چودہ ماہ کی معصوم بچی پولیو وائرس سے متاثر ہوئی ہے۔
اس نئے کیس کے اندراج کے بعد رواں سال ملک بھر میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے۔
حکام کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ملک میں رپورٹ ہونے والے 10 پولیو کیسز میں سے 8 کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا جبکہ 2 کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔
نیشنل ای او سی نے واضح کیا ہے کہ ضلع کرک سے سامنے آنے والے حالیہ کیس کا جینیاتی تعلق جنوبی خیبر پختونخوا میں گردش کرنے والے پولیو وائرس سے ہے، جہاں صوبے کے کل 8 کیسز میں سے 4 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کا کہنا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج اور خطرناک مرض ہے تاہم بروقت اور پیشگی ویکسین کے ذریعے بچوں کو اس سے مکمل طور پر محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور زلمی کا پی ایس ایل 12 کے لیے آسٹریلوی آل راؤنڈر ایرون ہارڈی کو ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ!
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سال 2026 کی تیسری اور آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 12 سے 18 دسمبر تک پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت چلائی جائے گی تاکہ سرحد پار وائرس کی منتقلی کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔
ایک ہفتے پر مشتمل اس ملک گیر مہم کے دوران پاکستان کے 167 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر چار کروڑ پچاس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے اور قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔





