امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے، اور اس تبدیلی کو جماعت اسلامی کی تحریک کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ “بجلی کی قیمتوں میں کمی جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد کا نتیجہ ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا مؤقف ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ بجلی کے بلوں کی قیمت اوسط لاگت کے مطابق ہونی چاہیے، اور اس وقت حکومت نے معاہدوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے فی یونٹ قیمت میں کمی کی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ برسوں میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے نیا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم کے اعلان کے مطابق مختلف کیٹگریز کے صارفین کے لیے نئی بجلی کی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق، لائف لائن صارفین کے لیے 50 یونٹ تک کی بجلی کی قیمت فی یونٹ 4 روپے 78 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، 51 سے 100 یونٹ والے لائف لائن صارفین کے لیے بجلی کی قیمت 9 روپے 37 پیسے فی یونٹ برقرار رکھی گئی ہے۔
پروٹیکٹیڈ صارفین کے لیے، 1 سے 100 یونٹ والی کیٹگری میں فی یونٹ قیمت میں 6 روپے 14 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئے نرخ 14 روپے 67 پیسے سے کم کر کے 8 روپے 52 پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ، 101 سے 200 یونٹ والے صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت میں 6 روپے 14 پیسے کمی کی گئی ہے، اور ان کے لیے نئی قیمت 17 روپے 65 پیسے سے کم کر کے 11 روپے 51 پیسے فی یونٹ کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعظم کی جانب سے کل بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان متوقع
نان پروٹیکٹیڈ صارفین کے لیے، جو 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں، فی یونٹ قیمت میں 7 روپے 24 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ ان صارفین کے لیے نئی قیمت 41 روپے 26 پیسے سے کم کر کے 34 روپے 3 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔





