اسلام آباد / واشنگٹن: امریکی حکومت نے پاکستان کے لیے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام کی بندش کے اعلان کے بعد پیدا ہونے والی تشویش پر وضاحت جاری کر دی ہے،
جس میں واضح کیا گیا ہے کہ پروگرام مکمل طور پر ختم نہیں ہوا اور دیگر تعلیمی تبادلہ پروگرامز بدستور جاری رہیں گے۔
گزشتہ دنوں پاکستان میں امریکی تعلیمی فاؤنڈیشن کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 15 سال تک جاری رہنے والا یہ پروگرام اب مزید پیش نہیں کیا جائے گا، جس پر طلبا، والدین اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا۔
تاہم امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں موجود 54 پاکستانی طلبا جو اس وقت پروگرام کا حصہ ہیں، اپنی تعلیم شیڈول کے مطابق مکمل کریں گے، اور انہیں الاؤنس، مراعات اور دیگر سہولیات بدستور فراہم کی جاتی رہیں گی۔
بیان میں فلبرائٹ اسکالرشپ پروگرام کی بندش کی خبروں کو بھی غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ یہ پروگرام پہلے کی طرح جاری ہے اور اس کے شرکاء کو بھی تمام تعلیمی مراعات دی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں خالصتان کے قیام کے لیے 23 مارچ کو امریکہ میں ریفرنڈم، سکھ برادری میں جوش و خروش
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دنیا بھر میں تمام تعلیمی تبادلہ پروگرامز کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ان کی ترتیب سابق امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامی ترجیحات کے مطابق ڈھالی جا سکے۔
آخر میں بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستانی طلبا کے لیے کئی دیگر ایکسچینج پروگرامز اب بھی دستیاب ہیں، جن کے ذریعے وہ امریکا میں تعلیم اور تجربہ حاصل کر سکتے ہیں۔





