پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔
موسلا دھار بارش، آندھی، اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ فصلوں اور باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
بدھ کے روز باجوڑ، خیبر، مردان، مالاکنڈ، لوئر دیر، مانسہرہ اور بٹ گرام سمیت کئی علاقوں میں شدید بارشوں کے دوران دن میں اندھیرا چھا گیا۔ ضلع خیبر میں سیلابی ریلے میں ایک گاڑی بہہ گئی جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کا ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا۔
بٹگرام میں پہاڑوں سے آنے والا سیلابی ریلا کئی موٹرسائیکلیں بہا کر لے گیا۔ لنڈی کوتل اور گردونواح میں آندھی، ژالہ باری اور تیز بارش نے ندی نالوں کو بپھرا دیا، لنڈی کوتل بازار میں ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول جہلم، حافظ آباد، ڈیرہ غازی خان اور گجرات میں بھی بارش ہوئی۔ جہلم میں دیواریں گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا میں تیز آندھی اور بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر چکا ہے، جس کے باعث شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
قومی آفات مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں آئندہ دنوں کے دوران شدید گرمی پڑے گی اور بارشیں معمول سے کم ہوں گی۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
زرعی ماہرین کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں سے گندم، سبزیاں اور فروٹ باغات کو خاصا نقصان پہنچا ہے، جس سے فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔





