بنوں ۔ کور کمانڈر پشاور نے بنوں کے مشران اور عمائدین سے ایک اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل عادل افتخار، سول انتظامیہ اور دیگر عسکری حکام بھی شریک تھے۔ ملاقات کا مقصد علاقے میں امن و استحکام کو فروغ دینا اور مقامی مسائل کے حل کے لیے عوامی نمائندوں سے براہِ راست مشاورت کرنا تھا۔
ملاقات کے دوران کور کمانڈر نے علاقے میں قیامِ امن اور استحکام کے لیے مقامی افراد اور عمائدین کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے مقابلے کے لیے عوام اور سیکیورٹی فورسز کا باہمی تعاون انتہائی ناگزیر ہے، اور صرف باہمی اعتماد و اشتراک سے ہی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔
شرکاء نے بھی سیکیورٹی فورسز اور سول انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ علاقے میں مکمل امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ عمائدین نے ملاقات کے دوران بنوں میں امن، ترقی اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں، جن پر کور کمانڈر نے خصوصی توجہ دینے کی یقین دہانی کروائی۔
ملاقات کے اختتام پر ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا جہاں کور کمانڈر نے باری باری تمام شرکاء سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے مسائل و مشورے سنے۔ کور کمانڈر نے اس موقع پر بنوں کی ترقی اور امن و خوشحالی کے لیے اپنی ذاتی دلچسپی اور ہر ممکن معاونت کا بھی وعدہ کیا۔





