واشنگٹن: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے واشنگٹن کے دورے کے دوران امریکی محکمہ خارجہ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں، سرمایہ کاری ایجنسیوں اور عالمی بینکوں کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکریٹری برائے اکنامک گروتھ، انرجی و ماحولیات سے ملاقات میں منرلز کانفرنس میں امریکی وفد کی شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے تجارتی عدم توازن کے حل کے لیے باہمی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) کے نائب صدر سے ملاقات میں تجارتی فنانس سہولت کے امکانات پر گفتگو کی اور وزارت خزانہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
علاوہ ازیں، آئی ایف سی کے ایم ڈی مختار دیوپ سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے ان کے حالیہ دورہ پاکستان پر شکریہ ادا کیا اور انہیں معیشت کے مثبت اشاریوں اور کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے آگاہ کیا۔
جے پی مورگن کی سینئر منیجمنٹ کے ساتھ ملاقات میں محمد اورنگزیب نے پانڈا بانڈ کے ذریعے عالمی کیپیٹل مارکیٹ میں واپسی کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں وزیر خزانہ اورنگزیب کی واشنگٹن میں عالمی شراکت داروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری
انہوں نے یو ایس ڈی ایف سی کے قائم مقام سی ای او سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور عالمی شراکت داری کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔





