اجلاس میں ملک کی داخلی وخارجی سکیورٹی صورتحال ، پاک بھارت کشیدگی اورممکنہ اقدامات پر غور کیاجائیگا۔
تفصیلات کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بھارت کی جانب سے مبینہ جارحیت کے تناظر میں قومی سلامتی کمیٹی کا ایک اہم اور فیصلہ کن اجلاس آج کچھ دیر بعد وزیراعظم آفس میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، جبکہ اعلیٰ عسکری اور سول قیادت کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی داخلی و خارجی سکیورٹی صورتحال، پاک بھارت کشیدگی، حالیہ بھارتی حملوں اور ان کے ممکنہ ردعمل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ شرکاء کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اور وزیراعظم ہاؤس میں مشیر قومی سلامتی، ڈی جی آئی ایس آئی، احد چیمہ، طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام پہنچ چکے ہیں۔
اجلاس میں قومی دفاع، خارجہ پالیسی، علاقائی امن و امان اور ممکنہ سفارتی اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت حالیہ صورتحال اور جوابی حکمت عملی سے متعلق اہم نکات پیش کرے گی، جبکہ وزارتِ خارجہ موجودہ علاقائی سفارتی ماحول پر روشنی ڈالے گی۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اس اجلاس سے اہم فیصلوں کی توقع کی جا رہی ہے جو نہ صرف پاکستان کی دفاعی حکمت عملی بلکہ عالمی سطح پر اس کے سفارتی ردعمل کی بنیاد بھی رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے اختتام پر ایک اہم پریس ریلیز یا اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس میں حکومت پاکستان کا باضابطہ مؤقف، عالمی برادری سے اپیل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق نکات شامل ہوں گے۔





