اسلام آباد: ترجمان پاک فوج نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے اپنے ہی شہروں پر چھ بیلسٹک میزائل فائر کیے، جن میں سے پانچ میزائل امرتسر اور ایک آدم پورہ میں آ گرا، جن علاقوں میں بڑی تعداد میں سکھ برادری آباد ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے رات گئے اہم ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بھارت کی ایک خطرناک اور جنونی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے، جس کے تحت سکھ برادری کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کی یہ حرکت داخلی خلفشار کو اقلیتوں پر ڈالنے کی ایک اور کوشش ہے، جس کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھوں اور تمام اقلیتوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے،ڈی جی آئی ایس پی آر کی تصدیق
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا ہماری تمام ہمدردیاں سکھوں اور بھارت کی دیگر مظلوم اقلیتوں کے ساتھ ہیں۔ بھارت کی اس مذموم سازش کو بے نقاب کریں گے اور عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا اور حکومت اس واقعے پر خاموش ہیں جبکہ مقامی سطح پر سکھ برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔





