مسقط: عمان کے مفتی اعظم اور ممتاز عالم دین شیخ احمد بن حمد الخلیلی نے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے، خصوصاً مساجد کو نشانہ بنانے کے حوالے سے۔
شیخ احمد بن حمد الخلیلی نے کہا کہ پاکستان نے ایمان، عزم اور حوصلے کے ساتھ بھارتی حملوں کا بھرپور دفاع کیا اور اللہ کے فضل سے کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے گھروں، نمازیوں اور بے گناہوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں اور ہم ان مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
مفتی اعظم نے دعا کی کہ اللہ پاکستان کو مزید استقامت عطا فرمائے اور ظالموں کو مغلوب کرے۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ سے اپیل ہے کہ وہ باہمی اتحاد برقرار رکھتے ہوئے ہر دشمنی کا مقابلہ مشترکہ طور پر کریں۔
یہ بھی پڑھیں : دشمن کی کسی بھی کارروائی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاکستان نیوی
اپنے پیغام میں انہوں نے سورۃ روم کی آیت 47 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، اور مومنوں کی مدد ہم پر لازم ہے۔ مفتی اعظم نے امت مسلمہ کو اتحاد کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس وقت باہمی یکجہتی اور تعاون کی ضرورت ہے تاکہ دشمن کے خلاف کامیابی حاصل کی جا سکے۔





