انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاک فوج کی طاقت دنیا پر عیاں ہو گئی، بھارت جھوٹے الزامات لگا کر خود ہی رسوا ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کے بھارت کے خلاف مؤثر اقدامات نے دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے کہ پاک فوج کتنی مضبوط اور باصلاحیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پہلگام واقعے کے حوالے سے پاکستان نے دنیا کو کھلے الفاظ میں کہا کہ آؤ، آزادانہ تحقیقات کرو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی واضح مؤقف اپنایا کہ اس واقعے کی شفاف انکوائری کی جائے تاکہ حقائق سامنے آئیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے جھوٹے الزامات لگا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی، لیکن الٹا خود دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہ صرف ایف آئی آر درج کر کے بدنامی کا شکار ہوا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اس کا مؤقف کمزور پڑ گیا۔
امیر مقام نے اس موقع پر کہا کہ پوری پاکستانی قوم نے افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا، اور یہ اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔
’’آج وقت ہے کہ ہم سب ایک ہو کر پاکستان کے لیے سوچیں اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی سلامتی کو ترجیح دیں۔‘‘
انہوں نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ ملک کو آئینی بحرانوں سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ امیر مقام نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔





