بیرسٹر گوہر، علی امین اور عمر ایوب پر فردِ جرم کا خدشہ

بیرسٹر گوہر، علی امین اور عمر ایوب پر فردِ جرم کا خدشہ

4 اکتوبر احتجاج کیس! پی ٹی آئی قیادت پر فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان سمیت دیگر رہنماؤں پر 4 اکتوبر کے احتجاج کیس میں فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی جہاں پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

کیس میں بیرسٹر گوہر، علی امین گنڈا پور، بیرسٹر سیف اور عمر ایوب کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے، جب کہ 29 پی ٹی آئی کارکنان عدالت میں پیش ہوئے۔ چار کارکنان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں بھی دائر کی گئیں۔

عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ کورال میں درج کیا گیا تھا۔

قانونی ماہرین کے مطابق اگر فردِ جرم عائد ہو گئی تو مقدمے کی کارروائی باقاعدہ طور پر ٹرائل مرحلے میں داخل ہو جائے گی، جو پی ٹی آئی کی قیادت کے لیے ایک نیا قانونی چیلنج ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top