عمران خان کسی ڈیل کے حق میں نہیں، شاندانہ گلزار کا دو ٹوک مؤقف

عمران خان کسی ڈیل کے حق میں نہیں، شاندانہ گلزار کا دو ٹوک مؤقف

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما شاندانہ گلزار نے واضح کیا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان کسی سے کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ ’’کارکنوں کے حق میں آواز اٹھانے پر میرے خلاف دو مقدمات درج کیے گئے، لیکن میں حق اور سچ بولنے سے پیچھے نہیں ہٹوں گی۔‘‘انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک نظریے کا نام ہیں، اور وہ اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ عمران خان نہ کبھی کسی سے ڈیل کریں گے اور نہ ہی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہی مؤقف اپنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اب بہت ہوگیا ہے، معاملات کو سلجھانے کی ضرورت ہےتاہم عمران خان کسی قسم کی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے۔‘‘

پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے مسلسل یہ مؤقف سامنے آ رہا ہے کہ پارٹی اصولوں اور آئینی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی، چاہے سیاسی دباؤ کچھ بھی ہو۔

Scroll to Top