خیبرپختونخوا حکومت نے مارکیٹ بیس کنٹریکٹ بھرتیوں کیلئے ماہانہ تنخواہوں کے سلیب کی نئی پالیسی 2025ء کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس پالیسی کے تحت 15 سالہ تجربہ رکھنے والے شعبے کے ماہرین کو 9 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی۔ محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کابینہ نے اس نئی پالیسی کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کا مقصد مارکیٹ کے مطابق ماہرین کی بھرتی کو آسان اور شفاف بنانا ہے۔
پالیسی کے مطابق مختلف تجربے کے حامل افسران کو درج ذیل تنخواہیں دی جائیں گی۔
15 سالہ تجربہ کار ماہر: 9 لاکھ روپے ماہانہ
10 سالہ تجربہ کار افسر: 4 لاکھ 48 ہزار روپے ماہانہ
5 سالہ تجربہ کار افسر: 3 لاکھ 5 ہزار روپے ماہانہ
فریش بھرتی ہونے والا افسر: 1 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ
نجی ٹی وی چینل(سما) کے مطابق اس پالیسی کے تحت افسران کی تقرری ضرورت کے مطابق 3 سال کے لیے کی جائے گی، جس میں 2 سال کی توسیع کا امکان بھی موجود ہوگا۔ بھرتی کا عمل 3 رکنی کمیٹی انجام دے گی، جس میں متعلقہ محکمے، فنانس اور محکمہ انتظامیہ کے اعلیٰ افسر شامل ہوں گے۔
نئی پالیسی میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے افراد کو کسی قسم کی پنشن یا ریٹائرمنٹ بینیفٹس نہیں دیے جائیں گے۔
یہ اقدام خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ماہر اور تجربہ کار افراد کی خدمات حاصل کرنے اور صوبے میں کارکردگی کو بڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔





