بھارتی میڈیا پر جھوٹ کی یلغار، جمہوریت کے دعوے مشکوک ہو گئے، امریکی اخبار

بھارتی میڈیا پر جھوٹ کی یلغار، جمہوریت کے دعوے مشکوک ہو گئے، امریکی اخبار

امریکی اخبارنیویارک ٹائمز  نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا ریاستی پروپیگنڈے کا آلہ کار بن گیا جس نے بھارت کے جمہوری دعوؤں کو مشکوک بنا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا نے کشیدگی کے دوران کئی ایسی ویڈیوز اور خبریں نشر کیں جن کا نہ کوئی ثبوت تھا اور نہ ہی کسی آزاد ذریعے سے تصدیق کی گئی، ان میں سے کچھ ویڈیوز دراصل غزہ میں دھماکوں کی تھیں جنہیں بھارتی میڈیا نے پاکستان پر کیے گئے مبینہ حملے کے طور پر پیش کیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا نے ان دعوؤں کو یوں دکھایا جیسے وہ مسلمہ حقائق ہوں، جب کہ بعد میں بعض دعوے خود بھارتی صحافیوں نے مسترد کر دیے۔ معروف بھارتی صحافی راجدیپ سردیسائی نے اعتراف کیا کہ پاکستانی طیارے مار گرائے جانے کی خبر غلط تھی۔

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ بھارتی حکومت نے سچ بولنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے اور آن لائن اظہار رائے کو محدود کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا۔ بھارتی حکومت کی درخواست پر آٹھ ہزار سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کیا گیا جن میں اکثریت پاکستانی صارفین کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی جارحیت سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کیلئے بلاول بھٹو کی سربراہی میں وفد یورپ بھیجنے کا فیصلہ

امریکی اخبار کی رپورٹ بھارت میں آزادی صحافت اور جمہوری اقدار کے حوالے سے اہم سوالات کھڑے کرتی ہے، خصوصاً اس وقت جب میڈیا کو ایک ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top