فائربندی دوطرفہ تھی، ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں، بھارتی سیکرٹری خارجہ

نئی دہلی: بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان کے ساتھ جنگ بندی میں امریکی کردار کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائر بندی مکمل طور پر دوطرفہ اتفاق رائے سے عمل میں آئی، اس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں تھا۔

پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وکرم مسری نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے کئی مرتبہ دنیا بھر میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کروائی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے نہ تو بھارت سے کوئی اجازت لی اور نہ ہی ان کی کوئی سفارتی مداخلت منظور کی گئی۔ سیکرٹری خارجہ کے مطابق وہ خود ہی اسٹیج پر آنا چاہتے تھے، اور وہ آ گئے۔

وکرم مسری نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی روایتی جنگ کی حدود میں رہی اور بھارت کو کسی قسم کے جوہری حملے یا ایسے کسی اقدام کے اشارے پاکستان کی جانب سے موصول نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : روس امن معاہدے کے میمورنڈم پر کام کیلئے تیار ہے: صدر پیوٹن

بھارتی میڈیا کے مطابق کمیٹی کے ارکان کی جانب سے بارہا استفسار کیا گیا کہ جنگ کے دوران بھارت کے کتنے طیارے تباہ ہوئے، تاہم سیکرٹری خارجہ نے قومی سلامتی کا حوالہ دے کر اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔

Scroll to Top