خیبر پختونخوا میں غیر معمولی گرمی کی لہر کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے تناظر میں خیبر پختونخوا میں 20 سے 24 مئی کے دوران درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اس حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی اور وسطی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں نہ صرف درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا بلکہ گرد و غبار، تیز ہوائیں، ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر دباؤ کا بھی خدشہ ہے۔
ادارے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ہیٹ اسٹروک سینٹرز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے، جب کہ اسپتالوں اور ریسکیو اداروں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کا استعمال بڑھایا جائے، دھوپ سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں، اور بزرگوں و بچوں کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک دھوپ سے دور رکھا جائے۔ اس سلسلے میں پشاور سمیت مختلف اضلاع میں عوامی آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔





