اسلام آباد: معروف ماہر فلکیات ڈاکٹر فہیم ہاشمی نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7 جون 2025 کو ہونے کے امکانات ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فہیم ہاشمی نے بتایا کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق سعودی عرب میں حج 5 جون اور عیدالاضحیٰ 6 جون کو ہونے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق سعودی عرب میں 27 مئی کو ٹیلی سکوپ کی مدد سے ذوالحجہ کا چاند دیکھے جانے کا امکان موجود ہے۔
ڈاکٹر فہیم نے کہا کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ کا چاند 28 مئی کو نظر آنے کے واضح امکانات ہیں، جبکہ 27 مئی کو ملک میں چاند دکھائی دینے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ اس دن غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے ہو گی، جو رؤیت کے لیے ناکافی ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ 28 مئی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 35 گھنٹے سے زائد ہو گی، اس لیے اس روز ملک بھر میں چاند دکھائی دینے کا قوی امکان ہے، جس کے بعد عیدالاضحیٰ 7 جون کو منائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : عید الاضحیٰ پر کتنی چھٹیاں؟ متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں ممکنہ تاریخیں سامنے آگئیں
فلکیاتی ماہر کی یہ پیش گوئی حتمی نہیں، کیونکہ پاکستان میں عید کا فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد کیا جاتا ہے۔





