9 مئی کیسز، بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافک ٹیسٹ ،تحقیقاتی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی

9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کی تحقیقات میں تیزی آ گئی ہے، اور تحقیقاتی دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے

تفصیلات کے مطابق9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کی تحقیقات میں تیزی آ گئی ہے، اور تحقیقاتی دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں پنجاب پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم راولپنڈی کی اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہے، جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی سے براہ راست تفتیش کی جائے گی

نجی ٹی وی چینل (آج) کے مطابق، لاہور پولیس کی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں جیل پہنچی ہے، جس میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم، انسپکٹر محمد ارحم اور پنجاب فرانزک ایجنسی کے ماہر عابد ایوب بھی شامل ہیں۔ تفتیشی ٹیم کی جانب سے پولی گرافک ٹیسٹ (جھوٹ پکڑنے والا ٹیسٹ) کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ٹیسٹ 9 مئی کو ہونے والے حملوں، سرکاری و عسکری املاک کو نقصان پہنچانے اور دیگر پرتشدد کارروائیوں سے متعلق حقائق جاننے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
پولیس نے عمران خان کا پولی گرافک اور فوٹوگرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے لیے انسدادِ دہشتگردی عدالت لاہور میں باقاعدہ درخواست دی گئی تھی۔ عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانے کی اجازت دی۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے تھے، جن میں متعدد فوجی تنصیبات اور سرکاری عمارات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان واقعات کے بعد بانی پی ٹی آئی کو مرکزی کردار کے طور پر کئی مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔

Scroll to Top