چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان ناحق جیل میں ہیں، تمام مقدمات سیاسی ہیں، ان شاء اللّٰہ جلد رہائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ناحق جیل میں قید ہیں، ان کے خلاف تمام کیسز سیاسی نوعیت کے ہیں اور ان شاء اللّٰہ وہ جلد رہا ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہماری دُعا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اسی ہفتے رہائی ملے، ان کی آزادی کے لیے ہم پرامید ہیں اور اس حوالے سے کوئی نہ کوئی قانونی راستہ نکالنا پڑے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ 6 مئی کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے کوئی ملاقات یا بریفنگ نہیں ہوئی۔ ’’عمران خان نے خود ہم سے ملاقات کے دوران ایسی کسی بریفنگ یا ملاقات کا ذکر نہیں کیا،‘‘
پی ٹی آئی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف تمام مقدمات سیاسی انتقام پر مبنی ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ عام فہم اور سچائی کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی مسلسل قید ناانصافی ہے اور قوم کو حقائق سے آگاہ ہونا چاہیے۔
ایوان میں جاری سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’’ان ہاؤس تبدیلی ہمارے ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے اور اس سلسلے میں پارٹی کی سطح پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔‘‘





