پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے میں مبینہ کرپشن کے خلاف ’’صوبہ بچاؤ تحریک‘‘ کے تحت آج پشاور احتجاج کیا گیا جس میں مختلف اضلاع سے پارٹی کارکنان شریک ہوئے۔
پولیس نے ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا تھا جبکہ بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے کارکنان اسمبلی چوک پر موجود تھے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق کچھ شرپسندوں کی جانب سے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پرمظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔
پیپلز پارٹی کے مشتعل مظاہرین نے عمران خان اور بشری بی بی کی رہائی تحریک کیلئے لگائے گئے کیمپ کوبھی آگ لگا دی۔
ایس ایس پی آپریشن مسعود بنگش نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ احتجاج پرامن تھا تاہم چند نقاب پوشوں نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی اس لئے ان کو روکنے کیلئے شیلنگ کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کسی کارکن کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
مسعود بنگش نےمزید کہاکہ شر پسندوں کی جانب سے ایک کیمپ کو آگ لگائی گئی ہے جس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔





