اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اگر عسکری قیادت کو برا بھلا کہے گی تو سیاسی طور پر خود اپنا نقصان کرے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے خیبرپختونخوا میں ہونے والے پرامن احتجاج کی حمایت کی اور مظاہرین پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کو نامناسب قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اور کے پی کے کے عوام کرپشن کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، اور اگر تحریک انصاف احتجاج کا حق مانگتی ہے تو انہیں دوسروں کو بھی یہ حق دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے پرامن احتجاج کی توقع نہیں کی جا سکتی۔رانا ثناء اللہ نے جنگ کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ مودی اپنی پوزیشن برقرار نہیں رکھ پائیں گے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جنگ میں کامیابی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان مؤثر دفاع کرنے میں ناکام رہتا تو سب سے بڑا ہدف فیلڈ مارشل ہوتے۔ ان کے الفاظ میں قوم، حکومت اور مسلح افواج کا ہر فرد سرخرو ہوا ہے۔انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں عزت دی ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے خلاف ہر وقت مہم چلانے والوں کو نقصان ہوا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کس منہ سے فیلڈ مارشل کو برا بھلا کہے گی۔وزیر اعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ایوان میں دو بار پی ٹی آئی کو بات چیت کی پیشکش کی ہے اور کہا کہ وہ اسپیکر چیمبر میں بھی جا کر بات چیت کر سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی نے اب تک اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی اسپیکر چیمبر میں بات چیت کرے تو وزیراعظم اپنی بات پر عمل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو کی پشاور میں پی پی پی ریلی پر شیلنگ کی مذمت
رانا ثناء اللہ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی بھی حمایت کی اور کہا کہ اب اس سے بہتر وقت نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جلد فیصلہ کریں گے۔





