مودی امن کے لیے خطرہ ہیں، اپنی شرمندگی چھپانے کے لیے بیان بازی کر رہے ہیں،طارق فضل چوہدری

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن اسمبلی طارق فضل چوہدری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی پاکستان کے عوام کو دھمکیاں دے رہے ہیں جو کسی ریاست کے سربراہ کے لیے قابل قبول نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی اپنی شرمندگی چھپانے کے لیے ایسے بیانات دے رہا ہے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بھارت نے جھوٹا پروپیگنڈا کیا کہ پاکستان نے شہری آبادی پر میزائل حملے کیے ہیں، جبکہ پاک فوج نے بھارتی فوج کو ہاٹ لائن پر کہا کہ بالی ووڈ کی دنیا سے باہر آؤ۔

انہوں نے مودی کے بیان کو بے ہودہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا کوئی سر پیر نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے واضح اعلان کیا ہے کہ ان کا حملہ اتنا واضح ہوگا جیسے دنیا سورج کو دیکھتی ہے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مودی بھارت کی تقسیم کی بنیاد رکھ رہا ہے اور اس کی سوچ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے اور ثابت ہو چکا ہے کہ پاکستان ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے جبکہ بھارت نہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس 15 لاکھ فوج ہو سکتی ہے لیکن پاکستان کے پاس 25 کروڑ عوام کی فوج ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی عسکری قیادت کو برا بھلا کہے گی تو سیاسی نقصان اٹھائے گی،رانا ثناء اللہ

طارق فضل چوہدری نے زور دیا کہ ملک میں اتحاد قائم ہو چکا ہے اور اسے برقرار رکھنا ضروری ہے کیونکہ بارڈر پر دشمن بیٹھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام اور لبنان جیسے حالات پاکستان میں نہیں کیونکہ یہاں مضبوط ادارے موجود ہیں جو ملک کی سلامتی کی ضمانت ہیں۔

Scroll to Top